ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پیجاور مٹھ سوامی کے خلاف احتجاج سے سری رام سینا باز آئے؛ بی جے پی مائنارٹی مورچہ کے رحیم اُوچیلاکا مطالبہ

پیجاور مٹھ سوامی کے خلاف احتجاج سے سری رام سینا باز آئے؛ بی جے پی مائنارٹی مورچہ کے رحیم اُوچیلاکا مطالبہ

Fri, 30 Jun 2017 20:23:37    S.O. News Service

منگلورو 30؍جولائی (ایس او نیوز) بیاری ساہتیہ اکیڈیمی کے سابق صدر اور بی جے پی مائناریٹی مورچہ کے ڈسٹرکٹ جنرل سکریٹری عبدالرحیم اُوچیلا نے مانگ کی ہے کہ مسلمانوں کے لئے افطار او ر نماز کا انتظام کرنے پر اڈپی کے وشواتیرتھ سوامی کے خلاف سری رام سینا جس احتجاجی مظاہرے کا اہتمام کرنے جارہی ہے اس سے وہ باز آجائے۔

عبدالرحیم نے ایک پریس کانفرنس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ بیس سے زائد برسوں سے وہ سوامی جی کو جانتے ہیں اور ان سے قربت کی وجہ سے وہ سوامی جی اور ان کی طرز زندگی سے بہت ہی متاثر ہیں۔مزید کہاکہ سوامی جی سے نزدیکیوں کی وجہ سے وہ ہندو کلچرکو بہت ہی عزت و احترام کی نظر سے دیکھتے ہیں اور سوامی جی ان کے لئے ایک گرو کی طرح ہیں۔سوامی جی صرف پوجا پاٹ کرنے تک محدود نہیں ہیں بلکہ وہ سماجی خدمات کرنے ، غریبوں کے لئے گھر وں کی تعمیرات کرنے اور سماج سے چھوت چھات ختم کرنے کے خلاف بھی سرگرم شخصیت ہیں۔

خیال رہے کہ عبدالرحیم اوچیلا خود بھی مذکورہ افطار دعوت میں شریک تھے۔ انہوں نے بتایا کہ نماز کا انتظام مٹھ کے اندرگربھ گُڑھی کے پاس نہیں بلکہ اس سے دور عام ڈائننگ ہا ل میں کیا گیا تھا، جہاں ہر مذہب اور ذات کے لوگ کھانا کھایا کرتے ہیں۔ اس لئے اس پر اتنا بڑا تنازعہ کھڑا کرنا صحیح نہیں ہے۔ہمارے اپنے مذہب میں بت پرستی ممنوع ہے اس لئے ہم نے بھی بتوں کے کمرے کے پاس نہیں بلکہ اس سے دور روزہ افطار کیا تھا۔ ہمارا مقصد کسی کے جذبات کو مجروح کرنا نہیں ہے۔ ہمیں بھی دوسرے مذہب کی روایات کے تقدس کا پورا احساس ہے۔ہم نے مٹھ کے اصول و ضوابط کا خیال رکھتے ہوئے نماز کے لئے اذان بھی اونچی آواز میں نہیں دی۔ہم سوامی جی کی دعوت پر ہی مٹھ میں افطار کے لئے گئے تھے اور گھر کا کوئی کھانا اپنے ساتھ لے کر نہیں گئے تھے۔پھر بھی اگر ہمار ے افطار میں شریک ہونے سے کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے تو  ہم دل کی گہرائیوں سے معذرت چاہتے ہیں۔ عبدالرحیم اوچیلا نے صاف لفظوں میں کہا کہ اگر حقائق سامنے آنے کے بعد بھی اگر سری رام سینا چیف متالک اسے مسئلہ بناکر احتجاج کرتے ہیں تو پھر شک ہوتا ہے کہ اس کے پیچھے کوئی انجانا ہاتھ کام کررہا ہے۔

عبدالرحیم اوچیلا نے کانگریس یوتھ ونگ کی طرف سے سوامی جی کی حمایت کے اعلان پر درپردہ طنز کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ صرف شہرت کے لئے سوامی کے ساتھ ہونے کا ناٹک کررہے ہیں جبکہ انہوں نے کبھی بھی سوامی جی کی مذہبی سرگرمیوں میں ان کاساتھ نہیں دیا ہے۔خود ساختہ سیکیولر پارٹیاں ہی سماج میں اختلاف اور کشیدگی کا اصل سبب ہیں۔پریس کانفرنس کے موقع پر خلیل ننداور اور سنتوش کمار وغیرہ موجود تھے۔


Share: